جملہ 355747 میں سے 214984 طلبہ میں اسکالر شپس کی تقسیم

مرکزی حکومت کی پری ،پوسٹ میٹرک اور میٹرک کم مِنس اسکالر شپس برائے سال 2013-14
جملہ 355747 میں سے 214984 طلبہ میں اسکالر شپس کی تقسیم
مابقی 140763 طلبہ کیلئے اسکالر شپس کی عنقریب اجرائی
منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور کا بیان

حیدرآباد۔/12اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت کی پری میٹرک اسکالر شپ ، پوسٹ میٹرک اسکالر شپ اور میرٹ کم مِنس اسکالر شپس کے تعلق سے روز نامہ ’سیاست‘ نے ہر سال سرگرم مہم چلاتے ہوئے طلبہ کی مفت رہنمائی کی ہے جس کے نتیجہ میں ہزاروں طلباء و طالبات نے مرکزی حکومت کی جانب سے دی جانے والی ان اسکالر شپس سے استفادہ کیا ہے۔ حکومت ہند کی وزارت اقلیتی بہبود نے پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم منس اسکالر شپس برائے سال 2013-14 کیلئے 78.90 کروڑ روپئے منظور کئے جس میں سے 7اگسٹ 2014 تک 60.96 کروڑ روپئے کی طلباء وطالبات میں تقسیم عمل میں آئی۔ اس بات کا انکشاف منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے کیا۔ انہوں نے منظورہ اور تقسیم کردہ اسکالر شپس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پری میٹرک اسکالر شپ برائے سال 2013-14 کیلئے جن طلباء و طالبات نے درخواستیں داخل کی تھیں ان میں سے334949 طلباء و طالبات کیلئے 62.39 طلباء و طالبات میں 48.47 کروڑ روپیوں کی تقسیم عمل میں آئی ہے۔ اسی طرح پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے 19306 طلبہ کیلئے 12.26 کروڑ روپئے منظور کئے گئے اور ان میں سے 11813 طلبہ میں مذکورہ تاریخ تک 8.39 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے۔ میرٹ کم منس اسکالر شپس کیلئے 1492 طلبہ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے4.25 کروڑ روپئے کی منظوری عمل میں ائی لیکن ان میں سے 1435طلباء و طالبات میں 4.10 کروڑ روپئے تقسیم کردیئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق تینوں اسکالر شپ کیلئے جملہ 355747 طلباء و طالبات کو 78.90 کروڑ روپئے منظور کئے گئے تھے۔ ان میں سے 214984 طلباء و طالبات میں اب تک 60.98 کروڑ روپئے کی تقسیم عمل میں آچکی ہے۔ ایسے میں 140763 طلباء و طالبات میں 17.94 کروڑر وپیوں کی تقسیم عمل میں آنی باقی ہے اور اُمید ہے کہ ان طلباء و طالبات کو بھی اسکالر شپ کی رقم بہت جلد حاصل ہوجائے گی۔ سال 2014-15 کیلئے مرکزی حکومت نے پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مِنس اسکالر شپ کیلئے بالترتیب 128178 ، 21363 اور 2564 نئی درخواستوں کا ہدف دے رکھا ہے۔ اس کے علاوہ ان درخواستوں میں تجدید کی جانے والی درخواستیں اضافی ہوں گی۔ پروفیسر شکور نے گفتگو کے دوران یہ بھی بتایا کہ طلباء و طالبات اسکالر شپس کے حصول کیلئے درمیانی آدمیوں کی مدد حاصل نہ کریں بلکہ خود اسکول انتظامیہ کے تعاون سے فارمس داخل کریں۔ فارمس کا آن لائن ادخال بالکل آسان ہے جبکہ روز نامہ ’سیاست‘ میں یہ خدمات انجام دی جاتی ہیں۔