شہر کی دیگر مساجد میں بھی خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام ۔ خصوصی دعائیں اور یوم القدس ریلی
حیدرآباد ۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعتہ الوداع کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا اور مسلمانان دکن ماہ رمضان کے قریب الختم ہونے کا بدیدہ نم خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔ جمعتہ الوداع کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں لاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نماز جمعہ ادا کی۔ دوسرا بڑا اجتماع شاہی مسجد باغ عامہ میں دیکھا گیا۔ اسی طرح شہر کی دیگر مساجد بالخصوص بڑی مساجد میں مسلمانوں کی کثیر تعداد نے جمعتہ الوداع کا اہتمام کیا۔ تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی امامت مولانا حافظ رضوان قریشی نے کی۔ بعد نماز جمعہ مجلس اتحادالمسلمین کے زیراہتمام جلسہ یوم القرآن کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں مولانا احسن بن محمد الحمومی نے نماز جمعہ کی امامت کی جبکہ مسجد ٹین پوش لال ٹیکری میں مولانا عبیدالرحمن اطہر ندوی نے نماز جمعہ سے قبل شب قدر کے فضائل پر خطاب کیا۔ شہر کی بیشتر مساجد میں جمعتہ الوداع کے موقع پر فلسطین کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ تاریخی مکہ مسجد میں منعقدہ جلسہ یوم القرآن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مجلس اسد الدین اویسی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ عبادتوں میں سکون حاصل کرنے کی کوشش کریں اور موت کو کثرت سے یاد کریں تاکہ دنیا کے لہو ولعب میں مبتلاء ہونے سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے فلسطین میں جاری اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں مساجد، گھر، اسکول حتیٰ کہ دواخانے بھی نشانہ بنائے جارہے ہیں۔ اسدالدین اویسی نے دنیا کے کسی خطہ میں اگر خالصتاً اللہ اور اس کے رسول کی رضا کیلئے جہاد کیا جارہا ہے تو وہ فلسطین ہے جہاں کے مسلمان مسجد اقصیٰ کے تحفظ کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ صدر مجلس نے عامتہ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ شب قدر کی خصوصی عبادتوں و دعاؤں میں غزہ کے تحفظ اور فتح و نصرت کیلئے دعائیں کریں۔شہر کی دیگر مساجد میں جمعتہ الوداع کے موقع پر فلسطین کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ساتھ عالم اسلام میں امن و امان کے علاوہ جدوجہد میں مصروف تنظیموں کی فتح و نصرت کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی۔ قونصل جنرل ایران آقا حسن نوریان نے آصف نگر میں واقع مسجد اہلبیت میں نماز جمعہ ادا کی اور یوم القدس کے متعلق خطاب کیا۔ شہر کے بعض علاقوں میں جمعتہ الوداع کے موقع پر ’’یوم القدس‘‘ منایا گیا۔ پرانی حویلی سے یوم القدس کے سلسلہ میں ریالی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مسجد اقصیٰ کی بازیابی اور فلسطینی کاز کی حمایت کے ساتھ ساتھ غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ مسجد چوک، جامع مسجد دارالشفاء، جامع مسجد چارمینار، مسجد حکیم میر وزیر علی کے علاوہ جامع مسجد بارکس و دیگر مساجد میں بھی جمعتہ الوداع کے موقع پر مسلمانوں کے کثیر اجتماعات دیکھے گئے اور مقررین نے اس موقع پر فلسطین کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ساتھ آئمہ سے اپیل کی کہ وہ لیلتہ القدر کی دعاؤں میں بھی فلسطینی مسلمانوں کو یاد رکھیں اور ان کی فتح و نصرت اور حفاظت کیلئے دعائیں کریں۔