جمعرات کو گجرات میں پرینکا کی ریلی ‘ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس

احمد آباد 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سرگرم سیاست میں داخلہ کے بعد اب کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا گجرات میں 28 فبروری کو پارٹی کی ایک ریلی سے خطاب کرسکتی ہیں۔ ایک پارٹی لیڈر نے کہا کہ 28 فبروری کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا ایک اجلاس بھی منعقد ہوگا ۔ گجرات میں ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 58 سال قبل منعقد ہوا تھا ۔ پرینکا کے بھائی و پارٹی صدر راہول گاندھی ‘ صدر نشین یو پی اے سونیا گاندھی بھی اجلاس میںشریک رہیں گی ۔ اس ریلی کو سنکلپ ریلی کا نام دیا گیا ہے جو ادلج کے مقام پر منعقد ہوگی ۔ ریاست میں کانگریس کی اس ریلی کو کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا کرنے کا باعث سمجھا جارہا ہے ۔ یہاں طویل عرصہ سے کانگریس اقتدار سے دور ہے ۔ 28 فبروری کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کا یہاں اجلاس ہوگا اور اسی شام ریلی بھی منعقد ہوگی ۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ بھی ریلی میں شرکت کرینگے ۔ گجرات کانگریس صدر امیت چاوڈا نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ورکنگ کمیٹی اجلاس منعقد کرنے کی خواہش کو راہول گاندھی نے قبول کرلیا ۔