حج 2017 : مدینہ منورہ میں خصوصی انتظامات
l حاجیوں کے لیے 29000 ڈاکٹرس کی خدمات
l جدہ حج ٹرمنل میں بہ یک وقت 175000 عازمین کی گنجائش
جدہ ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حج بیت اللہ کے لیے اقطاع عالم سے آنے والے عازمین حج کے لیے حکومت سعودی عرب نے موثر انتظامات کو قطعیت دینا شروع کیا ہے ۔ اس سال وادی منیٰ جمرات میں حاجیوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے 750 پانی چھڑکاو والے پولس نصب کئے ہیں ان کے علاوہ حاجیوں کی طبی نگہداشت کے لیے 29000 ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ حاجیوں پر ٹھنڈے پانی کا چھرکاؤ کرنے کے لیے زائد از 10 ہزار میٹرس تک پولس نصب کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ دیگر ٹھنڈی ہوا پہونچانے کے طریقوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ تمام مناسک حج کے دوران حاجیوں کو گرمی سے راحت پہونچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس سال عازمین حج کی طبی خدمات کے لیے 29000 ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کو تعینات کیا گیا ہے ۔ وزارت صحت نے کہا کہ حج کے موقع پر وبائی امراض پر قابو پانے ٹیکہ اندازی کی مہم بھی شروع کی گئی ہے ۔ عازمین حج کو بہترین طبی خدمات فراہم کئے جائیں گے ۔ عالمی تنظیم صحت کے معیارات کے مطابق عازمین کی صحت کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ وزارت صحت نے عازمین کے لیے ان کے ویزا درخواستوں کے وقت ہی طبی رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔ میدان عرفات ، وادی منیٰ ، مکہ معظمہ ، مدینہ منورہ اور کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی میں 25 دواخانے قائم کئے گئے ہیں جو عازمین کی طبی خدمات انجام دیں گے ۔ ان کے علاوہ زائد 155 موقتی پرائمری ہلت کیر سنٹرس بھی کام کریں گے ۔ 5000 بستروں والے دواخانوں کے علاوہ 500 انٹنسیو کیر یونٹ اور 550 ایمرجنسی خدمات ہوں گے ۔ 100 منی ایمبولنس کی گاڑیاں بھی رکھی گئی ہیں ۔ مدینہ منورہ میں بھی صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ مدینہ منورہ کے مئیر محمد بن عبدالباری ال امری نے کہا کہ عازمین کی خدمت کے لیے اعلیٰ سطح کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ گورنر مدینہ پرنس فیصل بن سلمان کی نگرانی میں عازمین کے روضہ مبارک پر حاضری کے دوران سکون سلامتی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ جدہ ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں وقت واحد میں 175000 عازمین کی گنجائش کے ساتھ پاسپورٹس کی تنقیح کا انتظام کیا گیا ہے ۔۔