اسلام آباد 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے ممبئی حملوں کے کلیدی ملزم حافظ سعید کی جماعت الدعوۃ پر امتناع عائد کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا ہے کہ جماعت کے دہشت گردی اور ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ سے روابط کے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ دریں اثناء ریاستی اور سرحدی علاقہ کے وزیر ریٹائرڈ جنرل عبدالقدیر بلوچ نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حال ہی میں ایک قرارداد کے ذریعہ جماعت الدعوۃ اور لشکر طیبہ کو نئے ناموں کے ساتھ فہرست میں شامل کیا ہے تاہم ایسے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے ہیں جس سے یہ ظاہر ہوسکے کہ دونوں کے آپس میں کوئی روابط ہیں۔ عبدالقدیر سینیٹ میں وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی جانب سے وقفہ سوالات کے دوران خطاب کررہے تھے۔