جلال الدین اکبر، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود

اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی بھی اضافی ذمہ داری
حیدرآباد۔یکم اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مسٹر محمد جلال الدین اکبر (آئی ایف ایس )کنزرویٹر آف فاریسٹ (پروڈکشن ) دفتر پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ تلنگانہ کا تبادلہ کرتے ہوئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود مقرر کیا ہے۔ وہ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں گے۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے اس سلسلہ میں آج جی او آر ٹی 298 جاری کیا۔ واضح رہے کہ 20جون کو مسٹر جلال الدین اکبر کو اسپیشل آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کی حیثیت سے تقرر کے احکامات جاری کئے گئے تھے تاہم جی او میں بعض تکنیکی خامیوں کے باعث 23جون کو ایک اور جی او جاری کیا گیا جس میں اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے مدت چھ ماہ مقرر کی گئی جبکہ پہلے جی او میں ایک سالہ مدت مقرر کی گئی تھی۔ وقف ایکٹ کے مطابق اسپیشل آفیسر کو چھ ماہ سے زائد عرصہ تک برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔ آج جاری کردہ تازہ جی او میں حکومت نے مسٹر جلال الدین اکبر کو اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کے علاوہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے دو اہم عہدے تفویض کئے ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود دراصل کمشنر اقلیتی بہبود کا عہدہ ہے۔ جی او میں اسپیشل آفیسر وقف بورڈ تحریر کیا گیا کیونکہ وقف بورڈ کی دونوں ریاستوں میں تقسیم کا عمل ابھی باقی ہے۔ واضح رہے کہ 18جون کو اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے مسٹر شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس ) کی میعاد ختم ہوئی تھی اور وہ کمشنر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے مخلوعہ عہدوں پر آئی ایف ایس عہدیدار کے تقرر سے توقع کی جارہی ہے کہ محکمہ کی کارکردگی بہتر ہوگی۔