نئی دہلی ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی پی پی چودھری نے لوک سبھا کو آج مطلع کیا کہ تین پاکستانیوں نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آدھار کارڈ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان پاکستانی شہریوں کو جعلی دستاویزات فراہم کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانیوں کو آدھار کارڈ کی اجرائی سے متعلق ایک سوال پر چودھری نے جواب دیا کہ ’’ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن میں تین پاکستانیوں نے اندراج کے دوران دستاویزات داخل کیا تھا جس کی بنیاد پر وہ آدھار کارڈ بھی حاصل کرسکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ درخواست گذار افراد کی تفصیلات کی جانچ اور توثیق کے بغیر صداقتنامے جاری کرنے والے افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ حکومت تاحال 116 کروڑ آدھار کارڈس جاری کرچکی ہے۔