ممبئی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیرقیادت مہاراشٹرا حکومت پر دینی مدرسوں کو اسکول تسلیم نہ کرنے کے حکومت مہاراشٹرا کے اقدام پر سخت تنقید کرتے ہوئے صدر پردیش مہاراشٹرا کانگریس اشوک چاوان نے آج کہا کہ بعض وزراء کو درپیش کرپشن کے الزامات سے توجہ ہٹانے کیلئے یہ غیرضروری تنازعہ پیدا کیا گیا ہے۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ یہ حکومت کسی بھی وقت زوال پذیر ہوسکتی ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائد نے کہا کہ ریاستی حکومت کا فیصلہ وزارت فروغ انسانی وسائل کی ہدایات کے برعکس ہے کہ قومی اسکولی نصاب دینی مدرسوں اور ویدک اسکولوں پر مسلط نہیں کیا جاسکتا۔ دینی مدرسوں میں فرقہ کی چار فیصد آبادی زیرتعلیم ہے اورانہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا بھی ثبوت دیا ہے۔