احمدآباد۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ازدواجی زندگی کی حکایتوں سے سبق حاصل کرنے والی جشودھابین نے اپنے شوہر نریندر مودی کے ساتھ دوبارہ وابستگی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی سے طویل مدت سے علیحدگی اختیار کرنے والی اہلیہ 62 سالہ جشودھابین نے اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں، لیکن انہوں نے کہا کہ وہ ان پر (مودی) خود کو مسلط کرنا نہیں چاہتی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جشودھابین نے کہا کہ ’’اگر وہ لینے آئیں تو میں تیار ہوں‘‘۔ جشودھابین ایک موظف سرکاری ٹیچر ہیں جو اس وقت شمالی گجرات میں اپنے بڑے بھائیوں کے ساتھ مقیم ہیں۔ انہوں نے اپنے شوہر مودی سے ہرگز ملاقات نہیں کی جبکہ مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد ان کی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ نریندر مودی نے ان سے 1968ء میں اس وقت شادی کی تھی جب وہ نوجوان تھے لیکن شادی کے فوری بعد گھر چھوڑ دیا تھا۔ مودی نے پارلیمانی انتخابات کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت پہلی مرتبہ جشودھابین ان کی بیوی ہونے کا اقرار کیا تھا۔ حالیہ دنوں میں جشودھابین کو مودی کی کمی محسوس ہورہی ہے۔ اس لئے انہوں نے اپنی خاموشی کو توڑا ہے۔ ’’او جانے والے ہوسکے تو لوٹ کے آنا‘‘ اس تعلق سے مودی پر میرا کوئی فیصلہ مسلط نہیں ہوگا، کیونکہ وہ واحد شخص ہیں جن کو میں پسند کرتی ہوں، تاہم اس تعلق سے نریندر مودی نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔