کیپشنز اور ٹی ایم سی کی اختراعی کوشش ۔ 12 تا 14 ستمبر سٹی کنونشن سنٹر نامپلی میں انعقاد
حیدرآباد۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) شادی بیاہ کی تقاریب کے انعقاد سے قبل کسی زمانہ میں لاڈ بازار میں خریداری کے بغیر شادی بیاہ سے جڑی تمام اشیاء کی خریداری مکمل نہیں ہوپاتی تھی لیکن کیپشنز (Captionz) اور ٹی ایم سی (TMC) نے اب ایک ہی چھت تلے اشیاء کی خریداری یقینی بنانے کیلئے ’’جشن نکاح‘‘ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 12، 13 اور 14 ستمبر (جمعہ ، ہفتہ اور اتوار) سٹی کنونشن سنٹر ، نامپلی میں منعقد ہورہے اس جشن نکاح، نمائش میں شادی سے متعلق تمام تقاریب میں استعمال ہونے والی اشیاء کے اسٹالس موجود رہیں گے۔ رسم منگنی ہو یا سانچق، تقریب نکاح ہو یا ولیمہ یا پھر ان تقاریب کے بعد ہونے والی تقاریب ان کی اہمیت اپنی جگہ ہے، لیکن انہیں یادگار بنانے کے لئے جو کاوشیں کی جاتی ہیں، اس میں بڑی حد تک کامیابی کے باوجود ایک تشنگی باقی رہ جاتی ہے کہ کاش! ڈیکوریشن میں رہی کمی پوری ہوجاتی یا سانچق میں دُلہن کے بناؤ سنگھار کو مزید بہتر بنایا جاتا یا پھر مہندی کا رنگ کچھ اور گہرا ہوجاتا، اِن تشنگیوں سے بچنے کیلئے ’’جشن نکاح‘‘ نمائش سرزمین دکن میں ایک نیا طریقۂ تجارت ثابت ہوگا جس میں نہ صرف معیار پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے بلکہ ہر طبقہ کی ضرورتوں کا لحاظ رکھتے ہوئے ان کی خواہشات کے مطابق تجارتی برادری کو ان سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سٹی کنونشن سنٹر میں منعقد ہورہی اس نمائش کا مقصد تاجرین اور گاہکوں کے درمیان موجود خلا کو دُور کرتے ہوئے انہیں باہمی طور پر ایک دوسرے سے قریب کرنا ہے تاکہ مستقبل میں گاہکوں اور تاجروں کے درمیان ہونے والے کاروبار کو مستقل، پُراعتماد اور کفایتی بنایا جاسکے۔ حیدرآباد میں معیاری شادی کے رجحانات کے ساتھ ساتھ نکاح تقاریب میں سادگی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے، لیکن سادگی کے ساتھ معیار کو بھی بہتر بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ شادی و دیگر تقاریب سے جڑی خریداری میں نہ صرف قیمت دیکھی جائے بلکہ جہاں سے خریداری کی جارہی ہو، اس کی تجارتی دیانت داری پر بھی غور کیا جائے۔ انہیں مقاصد کی تکمیل کیلئے کیپشنز نامی تشہیری کمپنی کے ساتھ ٹی ایم سی کی جانب سے ’’جشن نکاح‘‘ کے عنوان سے مذکورہ نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں شادی و دیگر تقاریب سے متعلق تمام اشیاء کے اسٹالس موجود رہیں گے اور مشاہدہ کرنے کیلئے پہنچنے والوں کے خریداری کے منصوبوں میں معاون ثابت ہوں گے۔ ’’جشن نکاح‘‘ نمائش میں رسم منگنی سے ولیمہ تقاریب تک کیلئے تمام ضروریات کی تکمیل کرنے والے تاجرین بالخصوص ملبوسات، مہندی ڈیزائننگ کے علاوہ، سانچق، مہندی کی تیاریوں کے سلسلے میں ان اشیاء کی ضرورت پڑتی ہے، وہ تمام اشیاء اس نمائش کے دوران بغرض نمائش موجود رہیں گے۔ علاوہ ازیں مختلف برانڈس اور کمپنیوں کے میک اپ کا سامان بھی موجود ہوں گے۔