جشن تلنگانہ کا ایوارڈ فنکشن اور کل ہند مشاعرہ

حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( راست ) : جشن تلنگانہ کمیٹی کا ایوارڈ فنکشن 12 دسمبر بروز جمعہ چھ بجے شام للت کلاتھورانم پبلک گارڈن نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ جس میں حیدرآباد کے علاوہ دس اضلاع کے اردو ، ہندی اور تلگو کے تخلیق کاروں ، فنکاروں اور صحافیوں کو 14 ایوارڈ پیش کئے جائیں گے ۔ جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی ریاست تلنگانہ ایوارڈ تقسیم کریں گے ۔ فورا بعد کل ہند مشاعرے میں ملک کے مختلف علاقوں سے مدعو نامور اور مقبول شعراء کلام سنائیں گے ۔ جن میں مہمان شعراء جوہر کانپوری ( کانپور ) ، شبینہ ادیب ( کانپور ) ، ڈاکٹر تابش مہدی ( دہلی ) ، نعیم اختر ( برہان پور ) ، شیاما سنگھ صبا ( رائے بریلی ) ، ڈاکٹر نصرت مہدی ( بھوپال ) ، عزم شاکری ( ایٹہ ) ، حامد بھوساولی ( ممبئی ) ، صوفیان قاضی ( کھنڈوا ) ، صابر مصطفی آبادی ( بھوساول ) ، شکیل حیدر ( کانپور ) کے علاوہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع کے منتخب شعراء اپنا کلام سنائیں گے ۔ سرپرست اعلیٰ جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلیٰ ریاست تلنگانہ ان تقاریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مشاعرے میں داخلہ کی عام اجازت ہے ۔ خواتین کے لیے نشستوں کا علحدہ انتظام کیا گیا ہے ۔ کنوینر اور جنرل سکریٹری جشن تلنگانہ کمیٹی اور صدر اردو رائٹرس فورم نے شائقین شعر و ادب سے بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے ۔۔