جسٹس کیہر کے تقرر کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں مسترد

نئی دہلی 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے پھر ایک مرتبہ ایک درخواست کو مسترد کردیا جس میں جسٹس جے ایس کیہر کو چیف جسٹس آف انڈیا مقرر کئے جانے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے کہاکہ ’’یہ عوام کے مفاد میں ہے کہ اس بحث پر اب پردہ ڈال دیا جائے‘‘۔ سپریم کورٹ رواں پندرھواڑہ کے دوران ایسی ہی دو درخواستیں مسترد کرچکا ہے جن میں جسٹس کیہر کے بحیثیت چیف جسٹس آف انڈیا تقرر کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جسٹس کیہر کل اپنے نئے عہدہ کا جائزہ لیں گے کیوں کہ ان کے پیشرو جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی میعاد آج ختم ہوگئی۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے 19 ڈسمبر کو جسٹس کیہر کے تقرر کو منظوری دی تھی۔
مسعود اظہر کے مسئلہ پر ہندوستان کو چین کی تائید کی اُمید
نئی دہلی 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہیکہ ہندوستان کو اُمید ہیکہ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دینے کیلئے چین بھی اس (ہندوستان) کے موقف کی تائید کریگا۔ راجناتھ سنگھ نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم ہنوز یہ اُمید کرتے ہیں کہ چین بھی ہمارے موقف کی تائید کریگا‘‘۔ جیش محمد کے سربراہ اور پٹھان کوٹ دہشت گرد حملوں کے اصل سازشی سرغنہ مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کروانے ہندوستان کی کوششوں کو چین نے 30 ڈسمبر کو روک دیا تھا جسکے بعد ہندوستان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چین کے اس اقدام کو ’’بدبختانہ دھکہ‘‘ قرار دیا اور کہا تھا کہ اس سے دہشت گردی کیخلاف لڑائی میں (چین کے) دوغلے معیارات کی توثیق ہوتی ہے۔