حیدرآباد۔20اپریل(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی الحاج محمد محمودعلی نے سابق چیف جسٹس کو حقوق انسانی کے معروف جہدکار راجندر سنگھ سچر کے سانحہ ارتحال پر گہرے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ جناب محمد محمودعلی نے بتایا کہ جسٹس سچر نے ہندوستان کے مسلمانوں کی پسماندگی پر گہرا مطالعہ کرتے ہوئے مسلم اقلیت کے حالات کو دنیاکے سامنے پیش کیا۔جسٹس سچر نے اپنی طویل رپورٹ میں بتایاتھا کہ مسلمان سماجی ‘ معاشی وتعلیمی سطح پر ملک کے دیگر پسماندہ اور درج فہرست طبقات سے بھی کمزور ہیں او رانتظامی امور ‘ پولیس ودیگر فیصلہ کن ملازمتوں میںمسلم طبقے کی نمائندگی نہ کے برابر ہے‘ جس کے لئے جسٹس سچر نے مسلم طبقے کو ہرشعبہ حیات میںبرابر کے مواقع فراہم کرنے کی رپورٹ میںسفارش کی تھی۔ نائب وزیراعلی نے اس سلسلے میںحکومت تلنگانہ کو جسٹس سچار کی سفارشات پر عمل کرنے والی واحد ریاست قراردیا او رکہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے مسلم طبقے کو ہرشعبہ حیات میںترقی دینے کے لئے بے مثال اسکیمات کا آغاز کیاجس میںاقلیتی اقامتی اسکولس او رچیف منسٹر اورسیز اسکالر شپ قابل ذکر ہیں۔ محمد محمودعلی نے بتایاکہ جسٹس سچار جیسی شخصیتیں صدیوں میںپیدا ہوتی ہیں ۔ ہندوستان کو جسٹس راجندر سنگھ سچر کی کمی ضرور محسوس ہوگی ان کے انتقال سے پیدا شدہ خلاء کو پر نہیںکیاجاسکتا۔