مرکز اور حکومت اترپردیش کو سپریم کورٹ کی نوٹس
نئی دہلی ۔ 22 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج ایک جرنلسٹ کو آگ لگادینے اور قتل کیس کی سی بی آئی تحقیقات کیلئے ایک عرضی پر مرکز اور حکومت اترپردیش سے جواب طلب کیا ہے جبکہ اس کیس میں ریاستی وزیر اور دیگر 5 کیخلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ۔ مفاد عامہ کی ایک درخواست جسٹس ایم وائی اقبال اورجسٹس اردون مصرا پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مرکزی وزارت داخلہ اور ریاستی حکومت کے علاوہ پریس کونسل آف انڈیا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون 2 ہفتہ جواب طلب کیا ہے۔ دہلی کے ایک صحافی ستیش جین نے سینئر وکلاء ادیش سی اگروال اور آر اینڈ سنگھ کے ذریعہ یہ درخواست داخل کی تھی جس میں جرنلسٹ جوگیندر سنگھ کے موت کی سی بی آئی تحقیقات کا اصرار کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے علاقہ صدر بازار میں پولیس عہدیداروں نے جوگیندر سنگھ کے مکان پردھاوے کے دوران انہیں آگ لگادی۔ بعد ازاں وہ ہاسپٹل میں جانبر نہ ہوسکے۔ متوفی کے ارکان خاندان کی اطلاع کے بموجب یکم جون کو دوپہر پولیس اور غنڈوں کا ایک گروپ موٹر کار میں پہنچا اور شاہجہاں پور میں واقع ان کے مکان میں گھس آیا اور ابتداء میں یہ گروپ جوگیندر کے ساتھ ریاستی وزیر ورما کے خلاف تحریروں سے باز آجانے پر بحث و تکرار کی ۔ جس کے بعد انہیں نیچے گراکر پٹرول ڈالکر آگ لگادی۔جرنلسٹ جوگیندر سنگھ نے فیس بک پر ریاستی وزیر ورما کی مبینہ غیر قانونی کانکنی اور اراضیات پر قبضوں کو بے نقاب کیا تھا جس پر ورما برہم تھے۔