نئی دہلی ۔7مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایڈٹرس گلڈ نے لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلہ کے دوران مغربی بنگال میںصحیفہ نگاروں پر حملوں کی مذمت کی اور اس قسم کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ۔ ایڈیٹرس گلڈ نے اپنے بیان میں مزید صحیفہ نگاروں کے خلاف جسمانی حملے ہمیشہ ہی مذموم و ناپسندیدہ ہوتے ہیں لیکن بالخصوص انتخابات کے دوران یہ اور بھی افسوسناک ہیں کیونکہ اس سے کسی انتخاب کی آزادانہ میڈیا تنقیح متاثر ہوتی ہے ۔ ایڈیٹرس گلڈ نے کہا کہ 6مئی کو مغربی بنگال میں جرنلسٹوں پر ہوئے جسمانی حملوں کی مذمت کرتے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے بشمول نیوز ایکس ، اے بی پی آنندا اور زی نیوز مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ جرنلسٹوں پر حملے کئے ہیں ۔ گلڈ نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ جرنلسٹوں کے خلاف جسمانی تشدد میں ملوث افراد کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے ۔