برلن ۔ 30 ۔ جون( سیاست ڈاٹ کام ) جرمن پارلیمنٹ نے آج ہم جنسوں کی شادی کو قانونی موقف عطا کردیا ۔ یاد رہے کہ صرف کچھ روز قبل ہی جرمن چانسلر انجیلامرکل نے کہا تھا کہ وہ اپنے قدامت پسند قانون سازوں کو یہ اجازت دے چکی ہیں کہ اس معاملہ میں ووٹنگ کییلئے وہ اپنے ضمیر کا استعمال کریں ۔ جرمنی کے اس بل میں شادی کی تشریح کچھ اس طرح ہے ’’ شادی کا مقصد دو افراد کا چاہے وہ الگ الگ جنس کے ہوں یا ہم جنس ایک ساتھ زندگی گزارنا ہے ‘’ اس بل کی بائیں بازو کی پارٹی قائدین نے زبردست تائید کی ہے ۔ اس طرح اب دو ہم جنس مردوں یا دو ہم جنس خواتین کو شادی کے بعد بچہ گود لینے کی اجازت ہوگی اور انہیں دیگر شادیوں کی طرح تمام مراعات اور حقوق حاصل رہیں گے ۔ ایوان زیریں میں بل کو 226 کے مقابلے 393 ووٹوں سے منظور کیا گیا جبکہ ایوان بالا میں اسے پہلے ہی منظور کیا جاچکا ہے جبکہ اس قانون پر جاریہ سال کے اختتام تک عمل آوری شروع ہوجائے گی ۔