جرمنی 80 سال میں پہلی مرتبہ پہلے راؤنڈ سے باہر

ماسکو۔28 جون(سیاست ڈاٹ کام)فیفا ورلڈ کپ 2018 میں جنوبی کوریا نے سب سے بڑا اور حیران کن نتیجہ فراہم کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن جرمنی کو 0۔2 سے شکست دے کر عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر کردیا۔کازان ارینا میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی کو ناک آوٹ راؤنڈ میں رسائی کے لیے میچ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری تھا لیکن میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔میچ کے دوسرے ہاف میں بھی گیند پر قابو زیادہ تر جرمنی کے پاس رہا لیکن مجموعی طور پرکوریا کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمنی میچ کے دوران ملنے والے مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔میچ کے دوسرے ہاف میں بھی کوئی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن میچ کے 90 منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں کم یونگ گون نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ابھی جرمنی کی ٹیم اس حملے سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ایشیائی ٹیم نے اپنے ہاف میں موجود دفاعی چیمپیئن ٹیم کے گول کیپر نوئر کو چکمہ دے کر سون ہیونگ من کو گیند پاس کی جنہوں نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں 0-2 سے برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔میچ میں 0-2 سے شکست کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہو گئی۔یہ 80سال میں پہلا موقع ہے کہ جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوئی ہے جہاں اس سے قبل 1938 کے عالمی کپ میں جرمن ٹیم کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہو گیا تھا۔1938 کا ایونٹ ناک آؤٹ راؤنڈ کی طرز پر کھیلا گیا تھا جہاں جرمنی کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ جرمنی کی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہ پہنچ سکی ہو۔دوسری جانب گروپ ایف کے ایک اور اہم میچ میں سویڈن نے میکسکو کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ میں پہلا مقام حاصل کر لی۔ایکاٹیرن برگ ارینا میں کھیلے گئے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکیں لیکن دوسرے ہاف کے 5ویں منٹ میں آگسٹنسن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔میچ کے 62ویں منٹ میں سویڈن نے ایک شاندار کوشش کی لیکن میکسکو کے کھلاڑی نے انہیں گول سے چند قدم کے فاصلے پر گرا کر فال کیا جس پر سویڈن کو پینالٹی دی گئی اور ایندریاس گرینکوسٹ نے اس پر گول کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔12منٹ بعد ہی میکسکو کو ایک اور دھکا لگا جب ایڈسن الواریز نے گول کر کے مقابلہ 3-0 کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ سویڈن نے گروپ ایف میں پہلا مقام جبکہ میکسکو کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔
برازیل اوراٹلی
ہی خطاب کا دفاع کرپائے
ماسکو۔28 جون(سیاست ڈاٹ کام)فٹبال ورلڈ کپ عام طور پر دفاعی چیمپئن ٹیموں کیلئے یادگار ثابت نہیں ہوتا۔ جرمنی کے جنوبی کوریا کے خلاف حیران کن شکست کے بعد 1930سے اب تک ورلڈکپ ٹورنامنٹس پر نظردوڑائی جائے تو صرف دوہی ٹیمیں اپنے ورلڈ کپ خطاب کا کامیابی سے دفاع کرپائی ہیں۔ اٹلی نے 1938میں اور برازیل نے 1962ء میں اپنے خطاب کا کامیاب دفاع کیا۔ اکثرٹیمیں پہلے ہی رائونڈ میں خارج ہوگئیں جن میں فرانس، اسپین اور اب جرمنی شامل ہیں۔

کوچ پر جرمن میڈیا کی شدید تنقید
کازان۔28 جون(سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے ہی جرمنی کے اخراج کے بعد جرمن میڈیا نے کوچ جوشیم لیو پر شدید تنقید کی ہے ۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو کسی ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچانے میں ناکام رہے۔ جرمنی کی ناکامی کو ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑی شکست قرار دیا جا رہا ہے اور جرمن میڈیا نے پہلی مرتبہ ابتدائی راؤنڈ سے اخراج کو بھیانک خواب قراردیتے ہوئے ناکامی کو باعث شرم بھی قرار دیا ہے۔