برلن۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) شمالی جرمن شہر لیوبک کے قریب ایک بس میں مسافروں پر چاقو کے ذریعے حملہ آور ہونے والے مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ لیوبک کی چیف پراسیکیوٹر اُولا ہِنگسٹ نے بتایا کہ چلتی بس میں حملہ آور نے اچانک چاقو نکال کر مسافروں پر وار شروع کر دیئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار ہونے والے کی عمر 34 برس اور وہ ایرانی نژاد جرمن شہری ہے۔ شمالی جرمن ریاست شلیسوِگ ہولشٹائن کے وزیرداخلہ ہانس ژوآخم گروٹے کے مطابق اس واقعے میں چھ افراد چاقو کے وار سے زخمی ہوئے، جب کہ دیگر تین کو بھی معمولی زخم آئے ۔
سنگاپور میں تاریخ کا خطرناک ترین سائبر حملہ
سنگاپور آئی لینڈ ۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور میں ہونے والے تاریخ کے خطرناک ترین سائبر حملے میں ہیکرز نے وزیراعظم اور محکمہ صحت کے ڈیٹا سے پندرہ لاکھ شہریوں کی ذاتی معلومات کا سرقہ کرلیا۔ حکام کے مطابق سائبر حملہ گزشتہ روز کیا گیا جس میں ہیکرز نے لاکھوں مریضوں کو دی جانے والی ادویات اور علاج معالجے کی تفصیلات حاصل کرلیں۔حکام کے مطابق یہ بات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ مریضوں کی معلومات کے سرقہ کے پیچھے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں۔