جرمنی اور ترکی کے درمیان ’’یوتھ برج‘‘ کا افتتاح

انقرہ(ترکی)۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام) تعلیم و تربیت کے لیے جرمنی اور ترکی کے درمیان نوجوانوں کے تبادلے کے کئی پروگرام موجود ہیں۔ اب سلسلے میں یوتھ برج کے نام سے ایک نیا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارہ کے مطابق یوتھ برج میں تعلیمی مقاصد کیلئے موجود تبادلے کے تمام پروگرامس کی مرکزی سطح پر نگرانی کی جائے گی اور ان میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔ جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے ابھی حال ہی میں ترک شہر استنبول میں اس کا افتتاح کیا۔ نوجوانوں کے مابین پل جرمن ترک نوجوانوں کے لیے ایک ایسا تعمیری سلسلہ ہے، جس میں دونوں ملکوں کے نوجوانوں کے درمیان تبادلے کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔

استنبول میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر کے علاوہ جرمنی اور ترکی کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر شٹائن مائر نے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم اسی وقت پروان چڑھ سکتی ہے، جب ایک دوسرے کے بارے میں مکمل آگاہی ہو۔ ان کے بقول جرمنی اور ترکی کے مابین کئی یوتھ پروگرامز جاری ہیں اور ان کے ذریعے ان ممالک کے نوجوان ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں۔ تاہم اِن تمام کوششوں کو یکجا کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور یہ ترکی کے ساتھ تعلقات میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ یوتھ برج میرکاٹر نامی ایک جرمن فاؤنڈیشن کی کاوش ہے۔ اس فاؤنڈیشن نے اس منصوبے کے حوالے سے کئی اہداف مقرر کئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر سال دو ہزار کے قریب نوجوان جرمنی سے ترکی اور ترکی سے جرمنی آتے ہیں۔