جدیدزونل سسٹم کی فائیل پر وزیراعظم مودی کی دستخط

حیدرآباد ۔ 27 اگست ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس حکومت کی طرف سے اپنے جدید زونل نظام کو مرکز سے منظوری دلانے کیلئے کی جانے والی کوششیں بالآخر کامیاب ہوگئیں جب وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اس کی متعلقہ فائیل پر اپنی دستخط کردی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس لئے بھی جدید زونل نظام کو منظوری دینے کیلئے مرکز پر دباؤ ڈال رہے تھے کہ وہ مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتیاں کرسکیں ۔ چنانچہ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ دہلی کے بشمول دو مختلف موقعوں پر وزیراعظم سے اس ضمن میں شخصی طور پر نمائندگی بھی کی تھی ۔ وزیراعظم سے ہفتہ کو ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے اپنی ریاست میں مخلوعہ جائیدادوں پر بلارکاوٹ بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کے مقصد سے مرکز کی منظوری کی لازمی ضرورت کو اجاگر کیا تھا ۔ وزیراعظم نے اس مسئلہ پر سماعت کے بعد چیف منسٹر کو بعجلت ممکنہ منظوری کا تیقن دیا تھا۔