جدہ میں ٹی آر ایس این آر آئی سیل کے قیام کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمدمحمود علی نے سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم اور آجرین کی ہراسانی کا شکار تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی مدد کیلئے جدہ میں ٹی آر ایس این آر آئی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان سے ملاقات کی اور مقامی مسائل سے واقف کرایا۔ حیدرآباد واپسی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کئی نوجوان مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ کئی نوجوان آجرین کی ہراسانی کا شکار ہیں کیونکہ انہیں جس پیشہ کے نام پر ملازمت کا تیقن دیا گیا، وہاں جانے کے بعد ان سے کوئی اور ہی کام لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایجنٹس کی دھوکہ دہی کے سبب کئی افراد اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔ مقامی انڈین کمیونٹی نے بتایا کہ کئی نوجوان قانونی اور معاشی مدد نہ ہونے کے سبب جیلوں میں بند ہیں اور ان کی واپسی کا کوئی انتظام نہیں۔ اس طرح مسائل کا شکار نوجوانوں کی رہنمائی اور وطن واپسی کیلئے ٹی آر ایس این آر آئی سیل کیلئے مدد کی جائے گی ۔

سعودی عرب کے بڑے شہروں میں مقیم تلنگانہ کے صنعت کاروں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد نے اس سلسلہ میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ جدہ اور ریاض میں موجود مختلف ادبی اور ثقافتی تنظیموں سے وابستہ افراد نے ان سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدہ میں انہیں 6 ایسے نوجوانوں کے حالات سے واقف کرایا گیا جنہیں ایجنٹ نے دھوکہ دے دیا اور وہ ہوٹل میں قیام و طعام کے ہزاروں ریال باقی ہوچکے ہیں۔ کونسل جنرل جدہ سے محمد محمود علی نے ان نوجوانوں کی مدد کیلئے نمائندگی کی ہے۔ محمود علی نے بتایا کہ کیرالا کی مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریباً 8 ہاسپٹل اور دیگر ادارے چلائے جارہے ہیں جس کا ڈپٹی چیف منسٹر نے معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کے این آر آئیز کی طرز پر تلنگانہ کے این آر آئیز بھی اس طرح کی تلاش اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کئی ایسے افراد ہیں جو کسی حادثہ کی صورت میں موثر علاج کی سہولتوں سے محروم ہیں۔

اس طرح کے افراد کو حیدرآباد منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم تلنگانہ کے این آر آئیز کے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت تلنگانہ اقدامات کر رہی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم تلنگانہ این آر آئی نے حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں غریبوں اور خاص طورپر اقلیتوںکی بھلائی کیلئے جو اقدامات کئے گئے ، اس کی ہر سطح پر ستائش کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق ٹی آر ایس نے انتہائی کم عرصہ میں خلیج میں مقبولیت حاصل کرلی جس کے باعث ٹی آر ایس این آر آئی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محمود علی نے کہا کہ سعودی عرب کا ان کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ جاریہ سال تقریباً 600 عازمین حج کے قیام کے انتظامات کئے جائیں گے جبکہ آئندہ سال ایک ہزار عازمین کے انتظامات کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کیلئے عازمین حج کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ ہوگا، جو حیدرآباد میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ رباط کی گنجائش 246 افراد کی ہے لیکن ناظر رباط حسین شریف نے 600 عازمین کے انتظامات کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ کی یکسوئی میں اوقاف کمیٹی نظام کے رول کی بھی ستائش کی۔