پروفیسر کودنڈا رام کی اُتم کمار ریڈی ، محمد علی شبیر اور ملوبٹی وکرامارک سے ملاقات
حیدرآباد یکم / ڈسمبر ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے نوجوانوں کے خوابوں کو چکناچور کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ پروفیسر کودنڈارام کی جانب سے انعقاد کئے جانے والے جلسہ عام ’’کولو ولاکوٹلاٹہ ‘‘ ملازمت کی جدوجہد کی بھرپور تائید کرنے کا اعلان کیا ۔ صدرنشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈارام نے آج گاندھی بھون پہونچکر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ ملوبٹی وکرامارک قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر سے ملاقات کی اور ان کی جانب سے 4 ڈسمبر کو منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کرنے کی اپیل کی ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے جلسہ عام کی مکمل تائید و حمایت کی اور کہا کہ وہ اور کانگریس کے سینئیر قائدین 4 ڈسمبر کو راہول گاندھی کی جانب سے پارٹی صدارت کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے دہلی جارہے ہیں ۔ کانگریس کی نمائندگی کریں گے بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ لاکھوں سرکاری ملازمت کا لالچ دیکھاتے ہوئے کے سی ار نے تلنگانہ تحریک میں طلبہ اور بے روزگار نوجوانوں کی خدمات سے استفادہ کیا علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کے بعد ان کے خوابوں کو چکناچور کردیا ۔ نوجوانوں نے تعلیم اور قیمتی زندگیوں کی قربانی دیتے ہوئے تلنگانہ کی تحریک میں نئی جان پیدا کی ۔ انہوں نے پروفیسر کودنڈا رام کی جانب سے منعقد کئے جانے والے جلسہ عام کو اہم جنگ قرار دیا ۔ نوجوانوں کی قربانیوں سے متاثر ہوکر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی تھی ۔ لیکن نئی ریاست کی تشکیل کے بعد کے سی آر نے اپنے ارکان خاندان کو روزگار فراہم کرتے ہوئے بے روزگار نوجوانوں کو نظر انداز کردیا ۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ان کے جلسہ عام کو روکنے کیلئے پولیس اور حکومت نے کئی مرتبہ رکاوٹیں پیدا کی ہیں ۔ لیکن وہ عدلیہ سے رجوع ہوکر جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت حاصل کرچکے ہیں ۔ عوامی مسائل پر آواز اٹھانے پر حکومت انتقامی کارروائی کر رہی ہے ۔ جمہوری احتجاج کو ختم کرنے کیلئے دھرنا چوک برخواست کردیا گیا ہے ۔ حکومت نوجوانوں کو منشیات اور نشہ کی لت میں ڈھکیلنے کیلئے پارٹیاں منعقد کرنے کی اجازت دے رہی ہے ۔ لیکن نوجوانوں کے مسائل پر جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ اس دوران بی جے پی نے بھی کوڈندا رام کے جلسہ عام کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔