نئی دہلی ۔ 10 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ججس ’’پنجرے میں بند طوطے ‘‘ نہیں ہیں اور نا ہی قانونی چارہ جوئی کرنے والی ایجنسیوں کے ’’پوسٹ آفیس ‘‘ کے طورپر کام کرتے ہیں ۔ خصوصی عدالت نے آج ان احساسات کا اظہار کیا اور اس الزام کو مسترد کردیا کہ سابق وزیر ریلوے پون کمار بنسل کو سی بی آئی نے 10 کروڑ روپئے ’’نقد برائے ریلوے عہدہ ‘‘ رشوت خوری مقدمہ میں دانستہ طورپر نظرانداز کردیا ہے ۔ خصوصی سی بی آئی جج سورنا کانتا شرما نے کہا کہ کرپشن کے مقدمات سے نمٹنے کے معاملے میں ایسے احکامات جاری کرنا موزوں ہوگا جن سے سماج کو یہ سخت پیام پہونچے کے ججس پنجرے میں بند طوطے کی طرح کام نہیں کرتے اور ساتھ ہی ساتھ اس ملک میں عدلیہ کسی کے خوف یا دباؤ کے بغیر آزادانہ طورپر کام کرتی ہے ۔ عدالت نے این جی او دہلی پردیش سوشل پروگریس سوسائٹی کی درخواست کو مسترد کردیا اور اسے انتہائی ناقص قرار دیا ۔ عدالت نے کہا کہ اس مقدمہ میں ملزمین کے خلاف پہلے ہی الزامات وضع کئے جاچکے ہیں۔