حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی شعلہ بیان رکن اسمبلی و ممتاز تلگو فلم اداکارہ روجا نے بعض گوشوں سے پارٹی تبدیل کرنے کی اطلاعات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا ان کے جسم میں جان رہنے تک آواز کے لیے گلا رہنے تک وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیادت میں اپنی خدمات انجام دیں گی اور جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت پارٹی سے دوری اختیار نہیں کریں گی ۔ آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے روجا نے کہا کہ انہیں رکن اسمبلی منتخب کروا کر سیاسی لحاظ سے کافی اہمیت دیتے ہوئے اپنے مقام کو اونچا کرنے والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے انہیں تنبیہہ کرنے کی وجہ سے روجا دل آزار ہو کر جنا سینا پارٹی میں شامل ہونے کی مکمل تیاری کرلینے سے متعلق بعض اخبارات میں اطلاعات شائع ہوئی تھیں ۔ جس کی انہوں نے پر زور تردید کی ۔ روجا نے برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بعض تلگو دیشم پارٹی قائدین نے انہیں بہر صورت غلط و بے بنیاد اطلاعات پھیلا کر انہیں رسواء کرنے کے لیے منصوبہ بند سازشیں کررہے ہیں لیکن روجا نے پر زور الفاظ میں کہا کہ وہ اپنی ان مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے ۔۔