واشنگٹن ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہیکہ ہندوستان میں مبینہ طور پر جبری مذہبی تبدیلی کے متعلق اطلاعات منظرعام پر آنے کے بعد وہ اس ملک (ہندوستان) میں پیدا شدہ صورتحال پر کڑی نظر رکھا ہوا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’’ہندوستان میں حالیہ عرصہ کے دوران مذہب کی جبری تبدیلی سے متعلق اطلاعات سے امریکہ باخبر ہے اور اس صورتحال پر کھڑی نظر رکھا ہوا ہے‘‘۔ اس ترجمان نے ایک سوال پر جواب دیا کہ ’’ہم دنیا بھر کے تمام ممالک میں مذہبی عقائد کی آزادی کے احترام کو فروغ دینے کیلئے کام کررہے ہیں۔ ہم تمام ممالک پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ مذہبی آزادی کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھائیں‘‘۔ واضح رہے کہ چند ہندوتوا تنظیموں نے 18 ڈسمبر کو اترپردیش کے شہر آگرہ میں 100 سے زائد افراد کا مبینہ طور پر زبردستی مذہب تبدیلی کروایا تھا۔ ان پر اکثر سلم بستیوں میں رہنے والے غریب مسلمان تھے۔ ان ہندوتوا تنظیموں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ مغربی اترپردیش کے دیگر کئی اضلاع میں بھی اس قسم کے مسلمانوں کا مذہب تبدیل کرواتے ہوئے انہیں دوبارہ ہندو بنایا جائے گا۔