جاپان کے سافٹ بینک کی سرمایہ کاری سے دلچسپی

وزیر فینانس ارون جیٹلی کی سی ای او سے ملاقات، دیگر کئی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کرنے کی کوشش

ٹوکیو ۔29مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جاپان کے سرکردہ سافٹ بینک اور دیگر کئی سرمایا کاروں نے ہندوستان کی انفراسٹرکچر ترقی میں سرمایہ کاری سے دلچسپی ظاہر کی۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج یہ بات کہی جبکہ وہ 6 روزہ سرکاری دورہ پر جاپان پہنچ گئے ۔ جس میں وہ وزیر اعظم جاپان شنزوایب اور اعلیٰ سطحی صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے اور ہندوستان میں فروغ پذیر صنعتی تفصیلات سے انہیں واقف کروائیں گے ۔ ارون جیٹلی نے سافٹ بینک گروپ کے سی ای او مسایوشی سن سے ملاقات کی انہوں نے بتایا کہ وہ انٹرنیٹ کمپنیوں اور سولار اینرجی کے شعبہ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس بینک نے پہلے ہی مشترکہ وینچر کے ذریعہ 20 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ وہ ہندوستان میں جاپانی مواصلاتی کمپنی کے لئے دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ ساؤتھ بینک پہلے ہی سے ہندوستان میں کئی ٹکنیکل کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرچکی ہے اور اس نے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا ہیکہ آئندہ 10سال میں سرمایہ کاری میں 10ارب امریکی ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا ۔

 

جیٹلی اوسامو سوزوکی صدرنشین سوزوکی موٹرس سے بھی ملاقات کریں گے جو ہندوستان کے شعبہ آٹو موبائیل کا سب سے بڑا صنعت کار ہے ۔وزیر اعظم سے ان کی ملاقات کل مقرر ہے ۔ جب کہ وہ 22ویں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے جس کا اہتمام نکائی انکارپوریشن نے کیا ہے اور جس کا موضوع ’’ ایشیاء کا مستقبل ‘‘ ہے ۔ 31مئی کو جیٹلی اُس چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور دوپہر میں قومی سرمایہ کاری و انفراسٹرکچر فنڈ پر راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کریں گے ۔ حکومت 40ہزار کروڑ روپئے مالیتی سرمایہ کاری کی منتظر ہے ۔ یہ سرمایہ کاری تجارتی اعتبار سے پائیدار ‘ گرین فیلڈ ‘ براؤنڈ فیلڈ اور تعطل کا شکار پراجکٹس کیلئے مالیہ فراہم کرسکتی ہے ۔ اس کے 49فیصد حصص این آئی آئی ایف کے اور باقی خانگی سرمایہ کاروں کے ہوں گے ۔ شام میں جیٹلی سرکاری پنشن ’’ انوسٹمنٹ فنڈ کے صدر نوری ہیرو ٹاکا ہاشی اور جاپان اوورسیز انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ کارپوریشن برائے ٹرانسپورٹ و شہری ترقیات کے صدر اور سی ای او ٹاکو ما ہاٹانو سے ملاقاتیں کریں گے ۔ وہ سی ای اوز سے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا اہتمام اگلے دن ہند ۔ جاپان بزنس کوآپریشن کمیٹی کررہی ہے ۔ اگلے دن ادارہ برائے بین الاقوامی مطالعہ جات کے سمپوزیم برائے ہندوستانی معیشت سے خطاب کریں گے ۔ علاوہ ازیں وہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے صدر شینیچی کٹاؤکا اور صدرنشین اٹائچی ہیروواٹی ناکا نشی سے بھی ملاقات کریں گے۔
جیٹلی یکم جون کو اوساکا جائیں گے اور اگلے دن ہندوستان : سیاسی ‘ سماجی اور معاشی تبدیلیاں کے عنوان پر اوساکا یونیورسٹی میں خطاب کریں گے ۔بعدازاں شام میں وہ میک ان انڈیا انوسٹمنٹ پرومشن سمینار سے خطاب کریں گے ۔