ٹوکیو ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جاپان میں یوں تو سگریٹ نوشی کے خلاف عرصۂ دراز سے مہم چلائی جارہی ہے لیکن حالیہ دنوں میں ایک کمپنی نے ایک ایسا رعایتی پیاکیج تیار کیا ہے جو کمپنی کے ایسے ملازمین کے لئے فائدہ مند ہوگا جو سگریٹ نوشی نہیں کرتے ۔ کمپنی نے اُن ملازموں کو چھ زائد دنوں کی رخصت دینے کا اعلان کیا ہے کیونکہ وہ اپنے دیگر ’’سگریٹ نوش‘‘ ملازمین کی طرح بار بار سگریٹ نوشی کرتے ہوئے کمپنی کا وقت ضائع نہیں کرتے ۔ ٹوکیو کی ’’پیالا‘‘ نامی ایک آن لائن کامرس کنسلٹنگ اور مارکیٹنگ نے ماہ ستمبر سے اس مہم کا آغاز کیا ہے کیونکہ کمپنی کے ایک ملازم نے اپنے باس سے شکایت کی تھی کہ اُس کے بعض ساتھی بار بار اپنی میز چھوڑکر سگریٹ نوشی کرنے چلے جاتے ہیں اور اس طرح وہ نہ صرف کمپنی کانقصان کرتے ہیں بلکہ اپنی صحت کو بھی برباد کرتے ہیں ۔ کمپنی کے ترجمان ہیروٹاکاماتسوشیما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا دفتر چونکہ 29 ویں منزل پر واقع ہے لہذا سگریٹ نوشی کرنے والے ملازمین کو ایک مشترکہ ’’اسموکنگ زون‘‘ تک پہنچنے ، سگریٹ پینے اور واپس آنے میں دس منٹ کا وقت لگتا ہے تاہم اس حقیقت کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا کہ سگریٹ نوشی کرنے کے دوران ملازمین ایک دوسرے سے کمپنی کے متعلق ہی مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کرتے ہیں جو کمپنی کے مفاد میں ہوتے ہیں ۔ اس کے باوجود بار بار سگریٹ نوشی کو منصفانہ قرار نہیں دیا جاسکتا ۔
نوازشریف آج لندن سے پاکستان کیلئے روانہ
لندن ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) احتساب عدالت میں بھی پیش ہونے کیلئے سابق وزیر اعظم نوازشریف آج لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔ نوازشریف پی آئی اے کی پرواز سے اسلام آباد پہنچیں گے،سابق وزیراعظم3 نومبر کو احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔اس سے قبل نوازشریف جدہ سے واپس لندن گئے تھے جہاں انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم کو نیب ریفرنسز میں 3نومبر کو طلب کررکھا ہے۔