ٹوکیو ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی کابینہ نے ایران کو نیوکلیئر ہتھیار سازی سے روکنے کیلئے حالیہ دنوں میں کئے گئے ایک معاہدہ کی روشنی میں ایران پر عائد تحدیدات برخاست کرنے کو منظوری دی اور اس طرح اب جاپانی کمپنیوں کیلئے ایران کی تیل اور گیس صنعت میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ دریں اثناء چیف کابینی سکریٹری یوشی ہیدے سیگا نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جاپان اب ان جاپانی کمپنیوں پر عائد پابندی سے دستبردار ہوجائے گی جنہوں نے ایران کے ساتھ برآمدگی اور تیل و گیس کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اقوام متحدہ نے گذشتہ ہفتہ اس بات کی تصدیق کی تھی کہ نیوکلیئر معاہدہ کے مطابق ایران نے تمام ضابطوں کی تکمیل کی ہے اور یہی وجہ ہے مغربی معاشی تحدیدات برخاست کردی گئی ہے۔