جان کو خطرہ، سیکوریٹی بڑھانے کی درخواست : انجن کمار یادو

سابق رکن پارلیمنٹ سکندرآباد کی گورنر سے ملاقات، دھمکیوں کی شکایت
حیدرآباد ۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر انجن کمار یادو نے راج بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی جان کو خطرہ ہونے اور سیکوریٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ 2004، 2014ء دو میعادوں تک حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی نمائندگی کرنے والے انجن کمار یادو کو نامعلوم افراد نے ٹیلیفون پر قتل کردینے کی دھمکی دی جس کی انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ آج گورنر مسٹر نرسمہن سے ملاقات کی اور انہیں سیکوریٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ گورنر نے انجن کمار یادو کو تیقن دیا کہ وہ ان کی یادداشت پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر انجن کمار یادو نے کہا کہ عوامی قائدین کا تحفظ نہیں ہے۔ انہیں جان سے ماردینے کی ٹیلیفون پر دھمکی دی گئی ہے۔ انہیں سیکوریٹی فراہم کرنا اور ان کی زندگی کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وہ دھمکیوں سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے مگر ایک عوامی قائد کا یہ حال ہے تو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سوالیہ نشان اٹھتا ہے۔ حکومت فوری توجہ دے اور پولیس انہیں ٹیلیفون پر دھمکی دینے والے کو جلد از جلد گرفتار کریں اور سخت سے سخت کارروائی کرے۔ گورنر نے انہیں تیقن دیا کہ وہ ان کی یادداشت پر غور کریںگے اور پولیس کو ضروری ہدایت دیں گے۔