جانا ریڈی کی کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد : مکتوب روانہ

حیدرآباد 20 مئی ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق وزیر کے جانا ریڈی نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی پر چندرا شیکھر راو کو مبارکباد دی ہے۔ جانا ریڈی نے کے سی آر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے قائد کی حیثیت سے انتخاب پر بھی کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ انہو ںنے امید ظاہر کی کہ ٹی آر ایس کی حکومت تلنگانہ عوام کی خواہشات کے عین مطابق کام کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی بھلائی کے اقدامات میں کانگریس پارٹی کا ٹی آر ایس حکومت کو مکمل تعاون حاصل رہے گا ۔ جانا ریڈی عام انتخابات کے بعد کانگریس پارٹی کی جانب سے کے سی آر کو مبارکباد پیش کرنے والے پہلے کانگریس کے قائد ہیں۔ حالیہ انتخابات میں کانگریس کے کئی سینئر قائدین بشمول صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ تاہم جانا ریڈی کو حلقہ اسمبلی ناگر جنا ساگر سے کامیابی حاصل کی۔ اس بات کا امکان ہے کہ تلنگانہ اسمبلی میںجانا ریڈی کانگریس کے فلور لیڈر ہوں گے ۔