جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مسلسل پابندی پر برہمی

سرینگر2نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے جمعرات کو یہاں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ پانچ جمعہ سے جامع مسجد سرینگر کو کرفیو جیسی پابندیوں کے ذریعے بند رکھنے پر شدید تشویش ظاہر کی۔ شہر و مضافات سے آنے والے نمازیوں اور زائرین پر پابندی لگائی جارہی ہے اور میرواعظ کشمیر کونظر بند رکھ کر نماز جمعہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ منصبی ذمہ داریوں سے روکنے کی پالیسیاں جاری ہیں۔اس پر انجمن اوقاف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان حربوں کی مذمت کی ۔

دہلی میں پولیس کی تعیناتی میں مرکز کا غیر واجبی رویہ : ہائیکورٹ
نئی دہلی 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز دہلی میں پولیس پرسونل کی تعداد میں اضافہ کے مسئلہ پر ’’سانپ اور سیڑھی‘‘ کے کھیل میں مصروف ہے حالانکہ میٹرو سٹی ’’یہ بات صاف ہے کہ محفوظ و سلامت نہیں ہے‘‘ ، دہلی ہائیکورٹ نے آج اِس ریمارک کے ساتھ 11 ماہ کی لڑکی کے حالیہ ریپ کا نوٹ لیا۔ جسٹس ایس رویندر بھٹ اور جسٹس سنجیو سچدیوا کی بنچ دہلی پولیس سے ناخوش دکھائی دی کہ وہ ابھی تک ضروری بھرتی کے عمل میں لاپرواہی سے کام لے رہے ہیں۔ عدالت نے کہاکہ جرائم کی تحقیقات کو لا اینڈ آرڈر سے جدا رکھا جانا چاہئے۔