جامعہ نظامیہ ملت اسلامیہ کا عظیم ورثہ اور سرمایہ افتخار

چرم قربانی کے ذریعہ اعانت کرنے مجلس فراہمی سرمایہ جامعہ نظامیہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ عامۃ المسلمین کے لئے محتاج تعارف نہیں جامعہ میں بلاکسی فیس کے قیام و طعام اور دیگر ضروریات کا باقاعدہ انتظام ہے تاکہ طلباء سکون اور اطمینان کے ساتھ علوم اسلامیہ کے حصول میں مصروف رہیں ۔ لڑکیوں کی باضابطہ اعلی دینی تعلیم کیلئے کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ قائم کیا گیا تاکہ لڑکیاں اعلی دینی تعلیم سے کما حقہ استفادہ کرسکیں ۔ قوم کی تعمیر اور اصلاح کیلئے لڑکیوں کا اسلامی تہذیب و ثقافت و اقدار سے آراستہ ہونا ضروری ہے ۔ اس لئے صرف توکل کی اساس پر کلیۃ البنات (لڑکیوں کا کالج ) قائم کیا گیا ۔ کلیۃ البنات میں دکتورہ (پی ایچ ڈی ) تک تعلیم کا انتظام ہے ۔ کلیۃ البنات کے اسناد بھی جامعہ نظامیہ کے اسناد کی طرح عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر جامعات میں مسلمہ ہیں ۔جامعہ نظامیہ حیدرآباد میں قدیم سے ایک دارالافتاء قائم ہے ۔ ملت کے تمام دینی و شرعی مسائل میں رہنمائی کی جاتی ہے ۔ دارالافتاء کو انٹرنیٹ fatwa@jamianizamia.org fatwajamianizamia@yahoo.com , سے مربوط کر دیا گیا ہے ۔ دارالافتاء جامعہ نظامیہ کے فتاوی ملک اور ریاست کی تمام چھوٹی بڑی عدالتوں میں مستند تسلیم کئے جاتے ہیں ۔جامعہ نظامیہ سے ملحقہ مدارس کی تعداد ریاست اور بیرون میں243ہے ۔ ان مدارس میں طلباء کی تعداد تقریباً پچاس ہزار ہے ۔ان مدارس سے طلباء ابتدائی تعلیم حاصل کر کے جامعہ نظامیہ کی فوقانی جماعتوں میں داخلہ لیتے ہیں ۔ نشر و اشاعت اور تصنیف وتالیف کے لئے ایک علمی اور تحقیقاتی ادارہ مجلس اشاعت العلوم کے نام سے احاطہ جامعہ نظامیہ میں قائم ہے ۔اس وقیع ادارہ سے ایک سو بیس سے زائد کتابیں شائع ہوچکی ہے ۔ جدید تحقیقی مضامین پر اسلامک ریسرچ سنٹر میں ہونے والے ریسرچ ورکس مضامین اور تحقیقی مقالات بھی شائع کئے جارہے ہیں ۔جامعہ نظامیہ کے اسناد ہندوستان اور مشرق دسطی کی پیشتر جامعات میں بھی مسلمہ ہے ۔ الحمد للہ جامعہ نظامیہ علم دین کی اشاعت اور دین مبین کی حفاظت میں مصروف ہے ۔ جامعہ نظامیہ کے جملہ مصارف چرم قربانی قومی عطیات اور اس کے مملوکہ جائیدادوں کی محدود آمدنی سے تکمیل پاتے ہیں اور جتنی آمدنی ہوتی ہے اسی حساب سے خرچ بھی ہوجاتا ہے ۔ کوئی محفوظ مالیہ رکھا نہیں جاتا ۔ ہر سال آمدنی و خرچ کی آڈٹ ہوتی ہے ۔ آخر میں اپیل ہے عامۃ المسلمین جامعہ نظامیہ کو اپنا ادارہ تصور کرتے ہوئے اس کے مالیہ کو مستحکم کریں اورعید الاضحی کے مسعود موقع پر چرم قربانی شہر کے محلہ واری ذیلی مراکز پر یا صدر مرکز جامعہ نظامیہ شبلی گنج پر جمع فرماسکتے ہیں یا فون نمبرات 24503267 24416847, 24576772 پر مطلع کریں تو کارکن آکر وصولی کا کام انجام دیں گے ۔