۔2008 ء میں باٹلہ انکاؤنٹر کے بعد مودی کے ریمارکس کے خلاف طلبہ کے احتجاج پر تنازعہ ، عدم شرکت کی اہم وجہ
نئی دہلی ۔29 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 19 جنوری کو منعقد شدنی جلسہ تقسیم اسناد میں وزیراعظم نریندر مودی نے شرکت اور صدارت سے معذوری ظاہر کی ہے اور نامور سائنسداں گوردھن مہتا اس تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے نومبر میں وزیراعظم نریندر مودی کو دعوت دی تھی جس پر ایک تنازعہ پیدا ہوگیا تھا جب اس کے کئی طلبہ نے مودی کی جانب سے 2008 ء کے دوران اس درسگاہ کے بارے میں کئے گئے ریمارکس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انھیں مدعو نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ تاہم جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس مطالبہ کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ وزیراعظم کے دفتر سے جواب کی و صولی کا انتظار کیا جائے گا جس کے بعد ہی جلسہ تقسیم اسناد کی تاریخ پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ جامعہ ملیہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ ’’وزیراعظم کے دفتر ( پی ایم او ) سے ہمیں جواب موصول ہوا ہے ۔ وزیراعظم اپنی پہلے سے طئے شدہ مصروفیات کے سبب اس تقریب میں شرکت سے قاصر ہیں ‘‘ ۔ واضح رہے کہ ستمبر 2009 ء کے باٹلہ ہاوز انکاؤنٹر کے بعد نریندر مودی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ پر تنقیدی حملے کئے تھے ۔
واضح رہے کہ نریندر مودی نے 2008 کے دوران گجرات میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’دہلی میں ایک یونیورسٹی ہے جو جامعہ ملیہ اسلامیہ کہلائی جاتی ہے ۔ اس نے برسرعام اعلان کیا ہے کہ وہ کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کے قانونی مصارف اور فیس ادا کریگی ۔ جاؤ ڈوب مرو ۔ یہ جامعہ ملیہ اسلامیہ ، سرکاری رقومات سے چلائی جاتی ہے اور وہ دہشت گردوں کو جیل سے باہر لانے کیلئے وکلاء پر یہ رقومات خرچ کرنے کی جرأت کررہی ہے ۔ ووٹ بینک کی یہ سیاست کب ختم ہوگی ‘‘۔ جامعہ ملیہ کے وائس چانسلر مشیرالحسن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے ان دو طلبہ کو قانونی امداد کی پیشکش کریگی جنھیں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہ پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ پروفیسر مشیرالحسن کے اس بیان کے بعد مودی نے جامعہ ملیہ کے خلاف یہ ریمارکس کئے تھے ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے 19 جنوری کو جامعہ کیمپس کے اسپورٹس کامپلکس ( بھوپال گراؤنڈس ) پر اپنا جلسہ تقسیم اسناد منعقد کررہی ہے جس میں جموںو کشمیر کے گورنر این این ووہرا کو ڈی لٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے سابق وائس چانسلر مہتابھ اس تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس تقریب میں 2014 ء کے دوران کامیاب طلبہ کو ڈگریاں اور ڈپلومے تقسیم کئے جائیں گے اور ممتاز طلبہ کو میڈلس دیئے جائیں گے ۔ پی ایچ ڈی اسکالرس کو بھی جن کے نتائج کا 30 نومبر کو اعلان کیا گیا تھا ڈگریاں اور اعزازات دیئے جائیں گے ۔
راجناتھ سنگھ نے مفتی سعید کی عیادت کی
نئی دہلی ۔29 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس (ایمس ) میں زیرعلاج جموں و کشمیر کے چیف منسٹر مفتی محمد سعید کی عیادت کی ۔ انھوں نے مفتی سعید کی جلد صحتیابی کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ۔