جاسوسی کیس کے 2 ملزمین کی درخواست ضمانت مسترد

نئی دہلی ۔ 3 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے 2 افراد بشمول ایک فوجی عہدیدار کو ضمانت منظور کرنے سے انکار کردیا ہے جنہیں حساس نوعیت کی دستاویزات پاکستانی انٹلیجنس ادارہ آئی ایس آئی کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ عدالت نے سابق فوجی اہلکاروں منور احمد میر اور فرید احمد کی درخواست ضمانت کو نامنظور کردیا جنہوں نے جموں و کشمیر لائٹ انفٹینری ڈیویژن 17 بحیثیت کانسٹبل خدمات انجام دیں۔چیف میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ سنجے کھنگوال نے کہا کہ کیس کے حقائق اور واقعات ، جرم کی سنگین نویعت ملزم افراد کے رول اور ارتکاب جرم کے طریقہ کار معرض التواء تحقیقات کے پیش نظر درخواست  ضمانت قابل قبول نہیں ہے ، لہذا ملزمین کی درخواست صمانت یکسر مسترد کردی جاتی ہیں۔ تاہم منور اور فرید نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی طلب کی کہ انہیں کیس میں پھانسا گیا ہے اور وہ گزشتہ سال ڈسمبر سے محروس ہیں جبکہ تحقیقات بھی مکمل کرلی گئی ہے اور یہ ادعا بھی کیا کہ قانون سرکاری راز کے دفعات کا ان پر اطلاق نہیں ہوتا۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی تحقیقات معرض التواء ہے جوکہ یہ معاملہ قومی سلامتی سے تعلق رکھتا ہے اور ارتکاب جرم میں ملزمین سے سرگرم رول ادا کیا ہے ۔