حکومت کی تیاریاں ، 28 مئی کوکابینی اجلاس میں نئے ریونیو قانون کی منظوری
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی (سیاست نیوز) لوک سبھا اور مجالس مقامی کے نتائج کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حکومت کی سرگرمیوں کے آغاز کی تیاری کرچکے ہیں۔ ریاستی کابینہ کا اجلاس اور اسمبلی اور کونسل کا اجلاس جاریہ ماہ کے اواخر میں منعقد ہوسکتا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی ، لوک سبھا اور پھر مجالس مقامی کے انتخابات کے سبب انتخابی ضابطہ اخلاق کے نتیجہ میں حکومت کابینی اجلاس طلب کرتے ہوئے اہم فیصلے کرنے سے قاصر رہی ۔ لہذا ضابطہ اخلاق کے اختتام کے فوری بعد حکومت کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا ۔ ریاستی کابینہ کا اجلاس 28 مئی کو منعقد ہوگا جس میں نئے ریونیو قانون کو منظوری دی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونیو ڈپارٹمنٹ میں اہم تبدیلیوں یا اسے محکمہ پنچایت راج میں ضم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے تمام محکمہ جات کو کابینی اجلاس کے بارے میں اطلاع دی ۔ مختلف محکمہ جات سے متعلق فیصلوں زیر التواء امور کی تفصیلات 25 مئی تک چیف سکریٹری کو روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ لوک سبھا کے نتائج 23 مئی کو منظر عام پر آئیں گے ۔ این ٹی پی سی ، زیڈ پی ٹی سی کیلئے 14 مئی کو رائے دہی کا آخری مرحلہ ہوگا۔ تمام نتائج کے منظر عام پر آنے کے بعد کابینی اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے ریونیو قانون کے مسودہ کو جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتہ میں قطعیت دے دی جائے گی اور اسے اسمبلی اور کونسل کی منظوری حاصل ہوگی۔ کابینہ کے اجلاس میں ریونیو ایکٹ کے علاوہ نظم و نسق میں اصلاحات سے متعلق دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔ حکومت کی مختلف اسکیمات جیسے رعیتو بندھو ، آسرا پر کابینہ میں غور کا امکان ہے۔ 2 جون کو تلنگانہ کے یوم تاسیس کے پیش نظر مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر بھرتی اور دیگر اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ اسمبلی اور کونسل کا اجلاس توقع ہے کہ 29 تا 30 مئی منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس میں نئے ریونیو قانون کو منظوری دی جائے گی۔ کابینہ میں منظوری کے بعد گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔