جاریہ ماہ تک چندرائن گٹہ فلائی اوور کی تکمیل کی ہدایت

متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ کمشنر جی ایچ ایم سی کا دورہ
حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( آئی این این ) : کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار نے انجینئران چیف کو جاریہ ماہ کے اختتام تک چندرائن گٹہ فلائی اوور پراجکٹ کی تکمیل کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کی تعمیر کے سبب عوام کو بہت زیادہ ٹرافک مسائل کا سامنا ہے ۔ کمشنر نے ساوتھ زون کمشنر کے ہمراہ چندرائن گٹہ ، کندیکل گیٹ اور نرخی پھول باغ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے یہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے چند مقامی مسائل کو فلائی اوور کی تکمیل کے بعد حل کرلیا جائے گا ۔ بعد ازاں کمشنر جی ایچ ایم سی نے نئے تعمیر شدہ کمیونٹی ہال کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے شہریوں کی سہولت کے لیے بہت جلد شہری صحت مرکز کے آغاز کا اعلان کیا ۔ مقامی کارپوریٹر دھان سنگھ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار نے دورہ میںحصہ لیا ۔۔