جائز راشن کارڈس کی منسوخی کی تحقیقات

نئے کارڈس جاری کرنے کمشنر سیول سپلائز کا تیقن
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر مجاز فوڈ سیکوریٹی کارڈس ( راشن کارڈس ) منسوخ کرنے کا عمل روک دیں کیوں کہ یہ معلوم ہوا ہے کہ اس عمل میں بعض جائز راشن کارڈس بھی منسوخ کردئیے گئے ہیں ۔ کمشنر سیول سپلائز نے تمام اہل خاندانوں کو جن کے راشن کارڈس ڈاٹا بیس سے حذف کردئیے گئے ہیں تیقن دیا کہ نئے راشن کارڈس جاری کیے جائیں گے ۔ اور ڈاٹا بیس سے دوبارہ مربوط کیا جائے گا ۔ سی وی آنند نے کہا کہ یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ جائز راشن کارڈس اس بنیاد پر منسوخ کردئیے گئے کہ استفادہ کنندوں نے گذشتہ 3 ماہ سے راشن حاصل نہیں کیا ہے یا یہ کہ وہ موٹر مالک ہیں یا یہ کہ وہ 50 گز تا 70 گز کے مکانات پر پراپرٹی ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔ کمشنر سیول سپلائز نے کہا کہ غیر مجاز طور پر راشن کارڈس کی منسوخی کے واقعات کی تفصیلی تحقیقات ہوں گی ۔ بوگس اور غیر مجاز راشن کارڈس کی منسوخی کا عمل اس سال مارچ کے بعد شروع ہوا ۔۔