جئے پور27اگست(سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے ضلع ٹونک کے مالپور میں آج کرفیو میں چار گھنٹے کی ڈھیل دی گئی جس کے دوان صورتحال پر سکون رہے ۔ضلع انتظامیہ کے ذریعہ صبح دس بجے سے دو بجے تک کرفیو میں ڈھیل کے دوران لوگوں نے روزمرہ کی ضروریات کی اشیاء کی خریداری کی وہیں انتظامیہ کی جانب سے دودھ اور بریڈ فروخت کرنے کے اضافی انتظامات کئے گئے ۔ اس دوران اپنے مکانوں میں قید افراد اشیاء کی خریداری کے لئے دوکانوں کی جانب دوڑ پڑے ۔ضلع کلکٹر آر سی ڈینوال نے بتایا کہ مالپور میں حالات تیزی کے ساتھ معمول پر آرہے ہیں لیکن احتیاطی طور پر قصبے میں اضافی پولیس کو تعینات کیا گیا ،انہوں نے بتایا کہ ٖڈھیل کے دوران شہر کے اندرونی علاقوں میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی جس کی وجہ سے عام لوگوں کے خرید و فروخت میں آسانی ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے امن و قانون کو بنائے رکھنے کے لئے قصبے میں 31 اگست تک انٹرنیٹ خدمات کو بند کر دیاہے ۔پویس سپرنٹنڈنٹ یوگیش دادھیج کے مطابق گذشتہ جمعہ سے اب تک 25 لوگوں کو گرفتار کیا گیاہے اور انہیں عدالت کے حکم پر جیل بھیجا جا چکا ہے ،اس کے علاوہ 31 لوگوں کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا گیا ہے ۔