جئے رام ٹھاکر ہماچل پردیش کے چیف منسٹر ہونگے ‘ چہارشنبہ کو حلف

بی جے پی مقننہ پارٹی اجلاس میں انتخاب ‘تشکیل حکومت کیلئے گورنرکی دعوت ‘ حلف برداری میں مودی کی شرکت متوقع
شملہ 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پانچ مرتبہ کے رکن اسمبلی جئے رام ٹھاکر ہماچل پردیش کے 14 ویں چیف منسٹر ہونگے اور امکان ہے کہ ان کی حلف بردثاری 27 ڈسمبر کو ہوگی ۔ تقریب حلف برداری میں کئی اہم قائدین کی شرکت متوقع ہے جن میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ بھی شامل ہیں۔ 52 سالہ جئے رام ٹھاکر پارٹی کے ٹھاکر قائدین میں سے ایک ہیں اور انہوں نے چیف منسٹری کی دوڑ میں کئی سینر اور بڑے قائدین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ وہ سیاسی طور پر اہمیت کے حامل ہماچل پردیش کے منڈی علاقہ سے تعلق رکھنے والے پہلے چیف منسٹر ہونگے ۔ مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اور وزیر دفاع نرملا سیتارمن کو مرکزی مبصرین کی حیثیت سے بی جے پی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا ۔ مسٹر تومر نے اعلان کیا کہ جئے رام ٹھاکر کا ریاست کے آئندہ چیف منسٹر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ اس اعلان کے بعد پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے جشن کا آغاز کردیا ۔ حلقہ سیرج کے رکن اسمبلی ٹھاکر آر ایس ایس کی پیداوار ہیں اور وہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے وزارت اعلی امیدوار پریم کمار دھومل کی حیرت انگیز شکست کے بعد اس عہدہ کیلئے ابھر کر آئے تھے ۔ سابق چیف منسٹر پریم کمار دھومل اپنی شکست کے باوجود کل رات تک بھی چیف منسٹری کی دوڑ میںشامل تھے تاہم کل رات انہوں نے اس دوڑ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی ۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا اس عہدہ کیلئے ایک اور دعویدار تھے ۔ جئے رام ٹھاکر سابق بی جے پی ریاستی صدر ہیں اور وہ سابق میں پریم کمار دھومل کی وزارت میںوزیر دیہی ترقیات و پنچایت راج کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ جئے رام ٹھاکر کو بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں اپنا لیڈر منتخب کرلیا گیا تھا ۔ ان کا نام سینئر قائدین سریش بھردواج اور مہیندر سنگھ نے پیش کیا جبکہ دوسروں نے اس کی حمایت کی ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ امکان ہے کہ ٹھاکر کی حلف برداری 27 ڈسمبر کو ہوگی اور اس کیلئے ایک شاندار تقریب منعقد کی جائیگی ۔ تقریب میں وزیر اعظم مودی ‘ بی جے پی صدر امیت شاہ اور کئی اعلی قائدین کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ ٹھاکر ہماچل پردیش کے دوسرے سب سے بڑے ضلع منڈی کے پہلے چیف منسٹر ہونگے ۔ ہماچل پردیش کے چیف منسٹرس اور سیاسی قائدین بیشتر شملہ ‘ کانگڑا اور سرمور سے تعلق رکھتے رہے ہیں۔ منڈی ضلع میں 10 اسمبلی حلقے ہیں جبکہ کانگڑا میں 15 حلقے ہیں۔ اس بار انتخابات میں منڈی میں بی جے پی نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے اور اس نے 10 کے منجملہ 9 حلقوں سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ایک اور اطلاع میں کہا گیا ہے کہ ٹھاکر نے اپنے انتخاب انتخاب کے بعد راج بھون پہونچ کر اپنے انتخاب سے گورنر کو واقف کروادیا گیا ہے اور ریاستی گورنر نے انہیں حکومت تشکیل دینے کی دعوت دیدی ہے ۔