جئے رام رمیش کے بیانات پر وائی ایس آر کانگریس کا سخت اعتراض

مرکزی وزیر کے وعدے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، پارٹی ترجمان پربھاکر کا بیان

حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( آئی این این ) : مرکزی وزیر جئے رام رمیش کی جانب سے ان کے دورہ ریاست کے دوران دئیے گئے بیانات پر سخت اعتراض کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ ان کے بیانات سیما آندھرا کے لیے کچھ بھی نہیں ہیں اور یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس کے پارٹی ترجمان جو پوڈی پربھاکر نے آج یہاں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ جئے رام رمیش نے جو ریاست سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے ہیں ۔ اس وقت ریاست کے امور میں دلچسپی لینے کی زحمت گوارا نہیں کی جب ریاست کی تقسیم کے خلاف ایک بڑی مہم چلائی جارہی تھی ۔ انہوں نے اس علاقہ کے نمائندہ کی طرح بات نہیں کی بلکہ بل کی منظوری میں مدد کی اور اب مرکزی وزیر علاقہ سیما آندھرا میں آکر اس بات کا خیال کئے بغیر کہ ضابطہ اخلاق نافذ العمل ہے ۔ عوام سے وعدوں پر وعدے کررہے ہیں ۔ ان کا یہ عمل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ار اس مسئلہ کو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر تعلیمی اداروں کے قیام ، تین تا چار سال میں دارالحکومت اور اس طرح کے دیگر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے وعدے کررہے ہیں ۔ جب کہ یہ باتیں بل میں شامل نہیں ہیں تو پھر وزیر موصوف کس طرح یہ تیقنات دے سکتے ہیں ۔۔