ٹوکیو 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ان کی چیک جمہوریائی ساتھی کھلاڑی باربورااسٹریکوا نے ٹورے پان پسیفک اوپن کے فائنل میں حریف جوڑی چین لیان اور زویان یانگ کو بہ آسانی راست سیٹوں میں شکست دے کر جاپان اوپن خطاب حاصل کرلیا ہے۔ ٹورنمنٹ میں دوسرے درجہ کی حامل ثانیہ جوڑی نے خطاب کے لئے منعقدہ مقابلہ میں 6-1 ، 6-1 کی کامیابی صرف 51 منٹوں میں حاصل کرلی۔ ثانیہ نے سابق عالمی نمبر ایک سوئزرلینڈ کی ٹینس اسٹار مارٹینا ہنگس سے اپنی پارٹنرشپ ختم کرتے ہوئے گزشتہ ماہ چیک جمہوریائی باربورا کے ساتھ نئی جوڑی بنائی ہے اور اس جوڑی نے گزشتہ 3 ٹورنمنٹس میں آج یہاں دوسرا خطاب حاصل کرلیا۔ گزشتہ ماہ ثانیہ جوڑی نے سنسناتی اوپن میں ہنگس اور اُن کی ساتھی کھلاڑی کوکو ونڈے ویگ کو 7-5 ، 6-4 سے شکست دے کر پہلا خطاب حاصل کیا تھا۔