ت5تا8دسمبر کے درمیان حیدرآباد میں ووٹر سلپس کی تقسیم

بوتھ لیول آفیسرس کو جوابدہ بنایا جارہا ہے ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسر دانا کشور
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں 5تا8 ڈسمبر کے دوران رائے دہندگان کے سلپس گھر گھر تقسیم کئے جائیں گے اور اس کی ذمہ داری بوتھ لیول آفیسرس کو دی جائے گی اور رائے دہی سے ایک دن قبل تک تمام رائے دہندوں تک ووٹر سلپ پہنچانے کا کام مکمل کرلیاجائے گا۔ مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و ڈسٹرکٹ الکٹورل آفیسر نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں انتخابی عمل کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت بوتھ لیول آفیسرس کو ان کی ذمہ داریوں کے متعلق جواب دہ بنانے کے علاوہ انہیں اس بات سے واقف کروایاجا رہاہے کہ جمہوری عمل میں ان کا کتنا اہم کردار ہے۔ مسٹر دانا کشور نے آج شہر کے مختلف علاقو ںمیں مراکز رائے شماری کا اعلی عہدیداروں کے ہمراہ معائنہ کرتے ہوئے ان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور جن مقامات پر مرمت کی ضرورت ہے ان مقامات پر مرمتی کاموں کو یقینی بنانے کے اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں اور محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ وہ تمام مراکز رائے شماری پر بہتر سے بہتر صیانتی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہو ںنے شہر حیدرآباد کے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد میں سابق میں مجموعی اعتبار سے 53فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی جس میں اضافہ کے لئے رائے دہندوں میں شعور اجاگر کیا جا رہاہے اور پہلی مرتبہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور VVPAT مشینوں کے ساتھ عملی طور پر شعور بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں رائے دہی کو پر امن و غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے کیلئے انتخابی عملہ اور محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے رائے دہی کیلئے مراکز رائے دہی کو روانہ کئے جانے والے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تقسیم کے سلسلہ میں قائم کئے جانے والے مراکز کو سی سی ٹی وی کی نگرانی میں رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان مراکز پر بھی سخت صیانتی انتظامات کئے جانے چاہئے اور جو اسٹرانگ رومس ہیں ان پر بھی 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی کے انتظامات کئے جائیں ۔ مسٹر دانا کشور نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں مراکز رائے دہی پر روانہ کئے جانے والے انتخابی مٹیریل کی سربراہی کے لئے ہر حلقہ اسمبلی کا علحدہ مرکز قائم کیا جا رہاہے اور ان مراکز کے ذریعہ ہی مٹیریل کی سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔