نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کا حیدرآباد میں قومی کنونشن
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کا دو روزہ قومی کنونشن اس ماہ حیدرآباد میں منعقد ہوگا اس کنونشن میں توقع ہے کہ این ڈی اے حکومت کی 2022 تک سب کے لیے مکان اسکیم پر مباحث ہوں گے ۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ چاپٹر آف REDCO کے ارکان نے جن کی میٹنگ کل منعقد ہوئی کہا کہ کنونشن میں مقامی رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو فروغ دینے پر بھی غور ہوگا ۔ آر چلپتی راؤ نائب صدر ساوتھ نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل نے کہا کہ 2022 تک 6 کروڑ مکانات کی تعمیر کا نشانہ ہے ان میں 2 کروڑ شہری علاقوں میں اور 4 کروڑ مکان دیہی علاقوں میں تعمیر کیے جائیں گے ۔ امکنہ اسکیم کا مقصد 2022 تک سب کے لیے مکان کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ این ڈی اے حکومت اسمارٹ سٹیز اور شہری علاقوں میں بہتر انفراسٹرکچر پراجکٹس کو روبعمل لارہی ہے ۔ قومی کنونشن میں رئیل اسٹیٹ سکٹر کو درپیش چیلنجس پر مباحث ہوں گے ۔ اور مختلف قواعد و قوانین میں اصلاحات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ پی دسرتھ ریڈی کنوینر نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل تلنگانہ نے کہا کہ چونکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر قرض کے بوجھ سے دبا ہوا ہے ۔ اس لیے بیرونی راست سرمایہ کاری سے سیکٹر کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی ۔۔