ت12 تا 20 ڈسمبر حیدرآباد میں کل ہند اردو کتاب میلہ

قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں مقرر، قومی کونسل برائے فروغ اردو تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا اعلان
حیدرآباد۔/28نومبر، ( سیاست نیوز) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کی جانب سے 19واں کُل ہند اردو کتاب میلہ 12 تا 20ڈسمبر حیدرآباد کے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے اس کتاب میلہ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ڈائرکٹر قومی کونسل پروفیسر ارتضیٰ کریم  نے اس سلسلہ میں سکریٹری و ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور سے کتاب میلہ کے انتظامات پر بات چیت کی۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے کتاب میلہ کے دوران روزانہ مختلف تہذیبی و ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مختلف پروگراموں کی تیاری کے سلسلہ میں آج شعراء اور ادیبوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کتاب میلہ کے ایام کے دوران روزانہ مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں تاکہ محبان اردو کو محظوظ کیا جاسکے۔ 13ڈسمبر کو نامور مصنفین کے ساتھ نشست کا اہتمام کیا جائے گا اور ان کی کتابوں کا تعارف پیش ہوگا۔ اسی روز شام 6تا9بجے شب ’ شام غزل ‘  پروگرام ہوگا جس میں  حیدرآباد کے فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 14ڈسمبر کو صوفیانہ قوالی کا پروگرام ہوگا۔ 15ڈسمبر کو مختلف اہم شعراء اور مصنفین کی کتابوں کے جائزہ پر مشتمل پروگرام منعقد ہوگا۔ اسی روز شام میں نامور مصفین کے ساتھ ’ محفل شام افسانہ ‘ منعقد ہوگی۔ 16ڈسمبر کو دو پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں طلباء کیلئے کوئیز مقابلے اور بیت بازی کے مقابلے ہوں گے۔ 17ڈسمبر کو ’ شام غزل ‘ جبکہ 18ڈسمبر کو ادبی مشاعرہ اور 19ڈسمبر کو مزاحیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلنگانہ اور ملک کی دیگر ریاستوں کے پبلشرس کی جانب سے اسٹالس لگائے جائیں گے جس میں ہندوستان اور برصغیر کے نامور شعراء اور ادیبوں کی تصانیف نمائش و فروخت کیلئے دستیاب رہیںگی۔ سابق میں 2010ء میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی جانب سے حیدرآباد میں کتاب میلہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اردو اکیڈیمی تلنگانہ نے کتاب میلہ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔