تیونس کے سیاحتی مقام پر شدید حملہ، 28 ہلاک

بندرگاہ الکنتوئی (تیونس) ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 28 افراد بشمول بیرونی شہری آج ایک تیونسی ساحلی تفریح گاہ میں پیش آئی فائرنگ میں ہلاک ہوگئے جہاں چھٹیاں منانے والوں کا ہجوم تھا۔ یہ حالیہ تاریخ میں اس شمالی افریقی ملک کا بدترین حملہ ہے۔ یہ کارروائی خونریزی کے ایسے روز پیش آئی جبکہ کویت کی ایک شیعہ مسجد میں خودکش بمبار نے 25 افراد کی جان لے لی اور فرانس کی ایک فیکٹری میں مشتبہ اسلام پسندوں کا حملہ بھی ہوا ہے۔ تیونسی حملہ کیلئے فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن اسلامک اسٹیٹ گروپ جو عراق اور شام پر محیط اپنی خلافت کی 29 جون کو ایک سال کی تکمیل منارہا ہے، اس نے کہا کہ کویتی بمباری اسی کی کارستانی ہے۔ تونیس کے تقریباً 140 کیلو میٹر جنوب میں شمالی مضافاتی علاقہ سوسی پر واقع بندرگاہ الکنتوئی کے سیاحتی مقام پر واقع مرحبا ہوٹل میں شوٹنگ کے بعد خوف و ہراس کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان محمد علی اروئی نے میڈیا کو بتایا کہ مہلوکین کی تعداد سیاحوں کے بشمول 28 ہوگئی۔ انہوں نے سیاحوں کی قومیتوں کی تفصیل نہیں بتائی۔ وزارت صحت کے عہدیدار نے بھی ہلاکتوں کی توثیق کی۔