تیونس کو 8 بلیک ہاک حملہ آور ہیلی کاپٹرس کا حصول

تیونس 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) تیونس کو جاریہ سال امریکہ سے آٹھ بلیک ہاک حملہ آور ہیلی کاپٹرس حاصل ہوجائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ ان ہیلی کاپٹرس کے حصول کے بعد تیونس کو القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف مقابلہ کرنے میں آسانی ہوگی ۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ وزارت دفاع کے ترجمان بل حسن اوسلاتی نے خانگی ریڈیو اسٹیشن کو بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹرس تیونس کو سال 2015 کے دوسرے نصف میں حاصل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹرس فوجوں کو منتقل کرنے اور حملے کرنے کیلئے استعمال کئے جائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہماری صلاحیتوں میں ان کی وجہ سے زبردست اضافہ ہوگا ۔ تیونس میں 2011 میں سابق صدر ذین العابدین بن علی کو اقتدار سے بیدخل کئے جانے کے بعد تخریب کاری میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایک دور دراز کے علاقہ جب چمبی میںتخریب کاروں کے خلاف فوج کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس کی زمینی اور فضائی کارروائیاں تخریب کاروں کو وہاں سے نکال باہر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ اب تک ہونے والی لڑائی میں درجنوں پولیس اور فوجی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔