تیونس ، کویت اور فرانس پر حملوں کی مذمت : ایران

تہران ۔27 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران نے تیونس ، کویت اور فرانس میں جہادی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے ۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ان واقعات کا اگرچہ ایک دوسرے سے تعلق نہیں لیکن اسلامک اسٹیٹ گروپ نے تیونس اور کویت میں مظالم کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ عراق اور شام میں نظام خلافت کے اعلان کے ایک سال کی تکمیل سے عین قبل یہ کارروائیاں کی گئیں۔ یہ دہشت گرد کارروائیاں اسلامی تعلیمات کے عین برعکس ہیں۔ وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان مرذی افخم نے ایک علحدہ بیان میں تیونس کی ہوٹل پر کئے گئے حملے کی بھی مذمت کی جس میں 38 افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت برطانوی سیاحوں کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ یہ واقعہ اسلام کی امیج کو مسخ کرنے کی کوشش ہے ۔ انھوں نے مسلم ممالک کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اُن دہشت گرد کارروائیوں کے خلاف موثر اقدامات کرے جن سے عالم اسلام کی امیج اور اتحاد کو نقصان پہونچ رہا ہے ۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کویت میں شیعہ مسجد پر ہوئے حملے کو بربریت قرار دیا اور سخت مذمت کی ۔ انھوں نے کویت کے ہم منصب سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکتیں علاقہ کیلئے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔