مظفر نگر ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے سابق ایس پی ، سابق ایڈیشنل ایس پی اور شاملی ڈسٹرکٹ کے موجودہ SHO کو ان کے خلاف ایک شکایت داخل کئے جانے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے جس میں یہ کہا گیا تھا کہ 2013 ء میں ایک احتجاج کے دوران مذکورہ تینوں عہدیداروں نے کچھ لوگوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا تھا ، نوٹسیں جاری کی ہیں ۔ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نریندر کمار نے اس وقت کے ایس پی عبدالحمید ، اس وقت کے ایڈیشنل ایس پی اتل سکسینہ اور موجودہ SHO آر این یادو آنند کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ 4 جولائی کو عدالت میں حاضر رہیں کیونکہ
ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کچھ احتجاجیوں کو اذیتیں دی تھیں۔ استغاثہ کے مطابق ایک صحافی پشپندر بھردواج نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے ایک شکایت داخل کی تھی کہ پولیس نے ان احتجاجیوں کی زبردست پٹائی کی جو شاملی میں اجتماعی عصمت ریزی کرنے والے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔یاد رہے کہ آج کل احتجاج کا جمہوری طریقہ ہر لیڈر اور پارٹی کے علاوہ عام آدمی بھی اپناتا ہے لیکن ہوتا یہ ہے کہ احتجاج تشدد اختیار کرجاتاہے جس پر پولیس کو کارروائی کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے اور بعدازاں نام بھی پولیس کا بدنام ہوتا ہے۔