تین مدارس میں مذہبی انتہا پسندی کی تعلیم، حکومت کا الزام

نئی دہلی ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے ضلع بردوان میں تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ مذہبی انتہا پسندی کے نظریات کی غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن کے زیر انتظام تین دینی مدارس میں تعلیم دی جارہی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ ہری بھائی پارتھی بھائی چودھری نے لوک سبھا میں کہا کہ ایسی کوئی اطلاعات نہیں ملی ہیں کہ عام دینی مدرسوں میں بھی ایسی ہی تعلیم دی جارہی ہے ۔ تاہم بردوان ضلع میں تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ تین دینی مدارس میں ایسی تعلیم جاری ہے ۔ حکومت نے ضروری نظام صورتحال پر گہری نظر رکھنے کیلئے قائم کردیا ہے۔ محکمہ سراغ رسانی اور صیانتی محکموں کو ایسے اداروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دیدی گئی ہے۔خاص طور پر بین الاقوامی سرحد کے پاس اگر ایسی سرگرمیاں جاری ہوں تو ان پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔