گاندھی نگر ، 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ مرکز تین طلاق کے بارے قانون بنانے کا پابند عہد ہے حالانکہ ’’کٹرپسندوں‘‘ اور اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے ’’رکاوٹوں‘‘ کا سامنا ہورہا ہے۔ انھوں نے ادعا بھی کیا کہ اُن کی حکومت کی شروع کردہ کئی اسکیمات کی خواتین سب سے زیادہ استفادہ کنندگان ہیں۔ ’’تقریباً تمام بڑی اسکیمیں کسی نہ کسی طرح خواتین کو بااختیار بنا رہے ہیں۔ حکومت نے نئی اسکیمات وضع کی ہیں اور پہلے سے موجود میں اصلاح کی ہے۔ اسکیمات اور قوانین کے ذریعے ہم آج خواتین کو بااختیار بنانے کی طرف پیشرفت کررہے ہیں۔ اس سے بھروسہ پیدا ہوا ہے۔‘‘ یہاں بی جے پی مہیلا مورچہ کے پانچویں نیشنل کنونشن میں تقریر کرتے ہوئے مودی نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خواتین کی بہبود کبھی سابقہ حکومتوں کی ترجیح نہیں رہی۔ وزیراعظم نے طلاق ثلاثہ پر قانون بنانے کیلئے اپنی حکومت کے عزم و استقلال کے تعلق سے بھی لب کشائی کی۔